پاکستان سپر لیگ سیون میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پولیس اینڈ کمیونیکیشن افسران کے اعزاز میں تقریب کا اہتمام گز شتہ روز پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی میں کیا گیا۔سی سی پی او لاہور ایڈیشنل آئی جی فیاض احمد دیو تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔چیف آپریٹنگ آفیسر پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی محمد کامران خان،ایس ایس پی ایڈمن عاطف نذیر،آپریشنز کمانڈر محمد عاصم جسرا اور دیگر متعلقہ افسران اس موقع پر موجود تھے۔سی سی پی او فیاض احمد دیو نے پولیس کمیونیکشن افسران میں تعریفی اسناد،نقد انعامات تقسیم کئے۔ڈی ایس پیز،انسپکٹرز،سب انسپکٹرز، اے ایس آئیز اورٹریفک وارڈنز میں انعامات تقسیم کیے گئے۔پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے آپریشنز،ایمرجنسی ریسپانس، ڈسپیچ سنٹرز کے افسران انعامات حاصل کرنیوالوں میں شامل تھے جبکہ ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 میں بہترین کارکردگی کے حامل آفیسرز کوبھی تعریفی اسنادو نقد انعامات سے نوازا گیا۔سی سی پی او فیاض احمد دیو نے کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر میں فرائض انجام دینے والے پولیس کمیونیکیشن افسران سے خطاب بھی کیا اور بہترین کارکردگی پر انہیں شاباش دی۔سی سی پی او لاہور نے کہا کہ شہر کو امن کا گہوارا بنانے اورجرائم پیشہ افراد کی سرکوبی میں لاہور پولیس اورسیف سٹیز اتھارٹی شانہ بشانہ ہیں۔کمیونٹی پولیسنگ،فرض شناسی اور اچھے کنڈکٹ پر انعامات دیے جا رہے ہیں۔فیاض احمد دیو نے کہا کہ پنجاب سیف سٹیزاتھارٹی کے 15 ریکارڈ ڈیٹا کے مطابق جرائم میں واضح کمی واقع ہوئی ہے۔امن کے قیام،جرائم کی نشاندہی،کریمینلز کی شناخت اور ٹریفک مینیجمنٹ کے شعبوں میں لاہور پولیس کو پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے جدید مانیٹرنگ سسٹم کی بھرپور معاونت حاصل ہے۔چیف آپریٹنگ آفیسر محمد کامران خان نے کہا کہ لاہور پولیس اور سیف سٹیز اتھارٹی عوام کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہیں۔انعامات دینے کا مقصد عمدہ کارکردگی کے حامل افسران کی حوصلہ افزائی ہے۔