لاہور پاکستان کا پہلا سمارٹ سٹی بنے گا،تیاریاں مکمل
پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی بین الااقوامی کمپنی کے تعاون سے لاہور میں سمارٹ سٹی پائلٹ پراجیکٹ لگائے گی پائلٹ پراجیکٹ کی کامیابی پاکستان میں مزید سمارٹ سٹی پراجیکٹس کی راہ ہموار کریگی۔چیف آپریٹنگ آفیسر محمد کامران خان
وزیراعلی پنجاب کے ویژن کے مطابق لاہور کو پاکستان کا پہلا سمارٹ سٹی بنانے کے حوالے اہم پیشرفت ہوئی ہے۔ پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نوکیا کے تعاون سے لاہور ایم ایم عالم روڈ اور لبرٹی مارکیٹ میں سمارٹ سٹی پائلٹ پراجیکٹ لگائے گی. اس حوالے سے چیف آپریٹنگ آفیسر محمد کامران خان کی زیر صدارت پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی ہیڈکوارٹرز میں مشاورتی اجلاس ہوا جس میں قطر سے نوکیا انٹرپرائز کی ٹیم نے خصوصی شرکت کی. اجلاس میں پراجیکٹ سے متعلقہ تمام سٹیک ہولڈرز، کمشنر لاہور آفس، اربن یونٹ، لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی، روڈا، لاہور پارکنگ کمپنی اور انوائرمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے نمائندگان شریک ہوئے۔ اجلاس میں نوکیا وفد نے سمارٹ سٹی پائلٹ پراجیکٹ بارے تفصیلی بریفنگ دی. اجلاس کو بتایا گیا کہ پائلٹ پراجیکٹ میں سمارٹ سٹریٹ لائٹس، سمارٹ ویسٹ مینجمنٹ بنز کے سینسرز، سمارٹ پارکنگ اور انوائرمنٹ کے سمارٹ سینسرز نصب کیے جائیں گے. اس موقع پر چیف آپریٹنگ آفیسر محمد کامران خان نے بتایا کہ ابتدائی مرحلے میں لاہور سمارٹ سٹی پائلٹ پراجیکٹ ایم ایم عالم روڈ اور لبرٹی مارکیٹ میں شروع کیا جائیگا۔ ایم ایم عالم روڈ پر سمارٹ سٹریٹ لائٹس، سمارٹ ویسٹ مینجمنٹ اور انوائرمنٹ کے سمارٹ سینسر لگائے جائیں گے۔لبرٹی پارکنگ کو عالمی معیار کے مطابق سمارٹ پارکنگ میں بدلا جائے گا۔ ان کا مزید کہنا تھاکہ لاہور سمارٹ سٹی پراجیکٹ پاکستان میں اپنی طرز کا پہلا منصوبہ ہوگا اور اس پائلٹ پراجیکٹ کی کامیابی پاکستان میں مزید سمارٹ سٹی پراجیکٹس کی راہ ہموار کریگی۔ یاد رہے کہ دبئی ایکسپو 2020 میں پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی اور نوکیا انٹرپرائز کے مابین سمارٹ سٹی پراجیکٹ بارے معاہدے پر دستخط ہوئے تھے جس کے تسلسل میں نوکیا کی ٹیم پاکستان کے دورہ پر ہے.