پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے کم عمر ڈرائیورز اور حادثات کی روک تھام کے حوالے آگاہی فراہم کرتے ہوئے کم عمر موٹر سائیکل چلاتے بچے کی حادثے کی ویڈیو جاری کر دی۔تفصیلات کے مطابق ویڈیو میں مغلپورہ گریفن گراونڈ کے قریب کم عمر بچہ موٹر سائیکل چلاتا دیکھا گیا ۔بچہ موٹر سائیکل پر قابو نہ رکھتے ہوئے آگے جاتی موٹر سائیکل سے جا ٹکراتا ہے۔موٹر سائیکل کے ٹکرانے سے بچہ اپنے ساتھ آگے جاتی موٹر سائیکل کو بھی گرا دیتا ہے۔اس حادثے میں وہ خود بھی زخمی ہوتا ہے اور دوسرے موٹر سائیکل سواروں کو بھی زخمی کر دیتا ہے۔ترجمان پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کا کہنا تھاکہ کم عمر میں ڈرائیونگ جان لیوا حادثات کا باعث بھی بن سکتی ہے۔سیف سٹی فیلڈ فورسز کے ذریعے کم عمر موٹرسائیکل چلانے والوں کے خلاف بھرپور کارروائیاں کررہی ہے۔اب تک کم عمر اور بغیر لائسنس موٹرسائیکل چلانے پر 07 ہزار مقدمات درج کیے جا چکے ہیں۔والدین اپنی ذمہ داری نبھائیں اور اپنے کم عمر بچوں کو ڈرائیونگ کی اجازت ہرگز مت دیں۔